کراچی میں گوجرانوالا کے جوڑے کا لرزہ خیز قتل: ساجد اور ثنا کیس میں نئے کردار کی انٹری
کراچی میں پیش آنے والے گوجرانوالا کے جوڑے کے قتل کیس میں نیا موڑ سامنے آ گیا ہے۔ مقتول ساجد کے لواحقین نے دعویٰ کیا ہے کہ ساجد کا قریبی دوست احتشام واردات میں ملوث ہو سکتا ہے، جو میاں بیوی کو ”گھمانے“ کے بہانے لے گیا اور پھر خود پراسرار طور پر لاپتہ ہو گیا۔
مقتول ساجد اور اس کی اہلیہ ثنا کے بہیمانہ قتل کے واقعے نے ہر کسی کو دہلا دیا ہے۔ مقتول کی بہن کا کہنا ہے کہ ’ساجد کے قتل میں اس کے دوست کا ہاتھ ہے، ہمیں تو سوشل میڈیا کے ذریعے اس کی موت کی اطلاع ملی۔‘
ساجد، جو مسیحی برادری سے تعلق رکھتا تھا، اس نے 22 جولائی کو اسلام قبول کیا اور اس کے فوراً بعد نکاح کی رسم ادا کی گئی تھی۔ تاہم 28 جولائی کو ساجد اور ثنا کو قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق دونوں لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات موجود تھے۔ واردات کے بعد ساجد کا دوست احتشام غائب ہے، جس نے آخری بار جوڑے کو گھمانے کے لیے بلایا تھا۔
پریشان حال مقتول کی بہن نے تحفظ کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ’ہماری جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہے، ہمیں سیکیورٹی دی جائے۔‘
پولیس نے اس اندوہناک قتل کیس میں ثنا کے بھائی وقاص سمیت گیارہ افراد کو حراست میں لیا ہے اور ان سے تفتیش جاری ہے۔ تاہم احتشام کی گمشدگی نے کیس کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق، احتشام کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ کیس میں مذہبی تبدیلی، خاندانی دباؤ اور ذاتی دشمنی سمیت کئی پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔