Aaj News

حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری حج سستا ہوگا یا مہنگا؟

وفاقی کابینہ نے سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیوٹ 30 فیصد کردیا، ذرائع
اپ ڈیٹ 30 جولائ 2025 09:58pm

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2026 کی منظوری دے دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس کے دوران حج پالیسی 2026 کی منظوری دے دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکاری حج کوٹہ 70 فیصد اور پرائیویٹ کوٹہ 30 فیصد کرنے کی منظوری دی ہے، وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری کوٹہ 40 فیصد اور پرائیویٹ کوٹہ 60 فیصد رکھنے کی سمری بھیجی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے حج کو زیادہ سے زیادہ سرکاری سطح پر ممکن بنانے کے لیے کوٹہ میں رد و بدل کیا اور سرکاری کوٹہ 70 فیصد تک بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

2026 میں سرکاری حج اخراجات کی لاگت کا تخمینہ ساڑھے گیارہ لاکھ سے ساڑھے بارہ لاکھ روپے کے درمیان ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں سے شدید نقصان ہوا، دیامر سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں طغیانی آئی، بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں سے نقصانات ہوئے جو کہ پہاڑی علاقوں میں زیادہ ہوئے اس کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ توانائی کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں، آئی پی پیز کے ساتھ مثبت گفتگو سے خزانے کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں کمی آئی۔

انھوں نے گفتگو میں کہا کہ اللہ نے افواج پاکستان کو عزت دی ۔ فیلڈ مارشل نے فرنٹ سے جنگ کو لیڈ کیا۔ دنیا بھارت سے جنگ جیتنے پر آج تک دنگ ہے اور پاکستان کی تعریف کر رہی ہے۔ فورسز دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عظیم قربانیاں دے رہی ہیں،

انھوں نے مزید کہا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر تبدیلی دیکھ کر دلی خوشی ہوئی، ریلوے ٹکٹنگ کا نظام ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے، غزہ میں معصوم بچوں کی حالت دیکھی نہیں جاتی، غزہ میں جاری مظالم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، غزہ پر پاکستان کا مؤقف واضح ہے۔ این ڈی ایم اے کو کہہ کر فلسطین غذا بھجوائی ہے جو اردن کے راستے روانہ ہوگی۔

federal cabinet

PM Shehbaz Sharif