Aaj News

ریاست فلسطین کے قیام تک اسرائیل کے ساتھ تعلقات ممکن نہیں، سعودی وزیرخارجہ

اسرائیل فلسطین بحران میں دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانا ہی علاقائی استحکام کی کنجی ہے، سعودی وزیرخارجہ
شائع 29 جولائ 2025 11:01am

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا ہے کہ جب تک فلسطین کی ریاست قائم نہیں ہوجاتی، اسرائیل کے ساتھ تعلقات ممکن نہیں۔

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہ بات اقوام متحدہ میں کانفرنس سے خطاب میں کہی جس کی میزبانی سعودی عرب اور فرانس کر رہے تھے۔

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے یہ بیان نیو یارک میں اپنے فرانسیسی ہم منصب جان نوئل بیراؤٹ کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ میں دیا، جہاں سعودی عرب اور فرانس نے ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس کا مقصد دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لیے اقدامات پر بات کرنا تھا۔

سعودی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسرائیل فلسطین بحران میں دو ریاستی حل کو عملی جامہ پہنانا ہی علاقائی استحکام کی کنجی ہے اور یہ کانفرنس اس سمت میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔

سعودی عرب کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام لوگوں کیلئے سکیورٹی، استحکام اور خوشحالی، فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے سے شروع ہوتی ہے۔

فلسطینیوں کو اس قابل کیا جانا چاہیے کہ وہ اپنے جائز حق کو حاصل کریں جس میں سب سے اہم آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہے جو کہ 4 جون 1967 کی سرحدوں میں ہو اور اس کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔

علاوہ ازیں انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جب تک غزہ میں اسرائیل کے جینیوا کے خلاف مظالم جاری ہیں، اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی پر بات نہیں کی جا سکتی۔

Saudi Arabia

Faisal Bin Farhan

Palestine as a state

Foreign Minister saudi arabia

israel acceptance