اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، 25 من گوشت اور 50 گدھے برآمد، مقدمہ درج
اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول میں چھاپہ مار کر 25 من گدھے کا گوشت برآمد کرلیا جبکہ 50 سے زائد گدھے بھی برآمد کیے گئے جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی کی حدود سے گدھے کا گوشت اور زندہ گدھوں کی برآمدگی کا معاملہ پیش آیا جس کے بعد فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا گیاہے۔ مقدمہ میں پولیس کی جانب سے ایک غیر ملکی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
متن مقدمے کے مطابق ملزمان کے پاس حرام گوشت کی ترسیل اور اجازت نامے کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ ملزمان سے برآمد گدھے کا گوشت تلف اور جہاں گدھے رکھے گئے تو اس جگہ کو سیل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے بعد اسلام آباد میں بھی گدھے کا گوشت برآمد کرلیا گیا، اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کی جانب سے ترنول کے علاقے میں بڑی کارروائی کی گئی، اس دوران 25 من سے زائد گدھے کا گوشت قبضے میں لے لیا جبکہ موقع سے 50 سے زائد زندہ گدھے بھی برآمد ہوئے، ابتدائی تحقیقات کے مطابق گوشت بیرون ملک سپلائی کیا جاتا تھا۔
ترجمان نے بتایا کہ ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملوث افراد کے خلاف فی الفور اندراج مقدمہ کا حکم دیا گیا جبکہ فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے گوشت کو تلف کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈاکٹر طاہرہ صدیق کا کہنا تھاکہ فوڈ اتھارٹی ٹیم کی جانب سے ٹوٹل 25 من گوشت برآمد کیا گیا اور موقع پر موجود ایک غیرملکی شہری کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ان کا کہنا تھاکہ گوشت کن کن ایریاز میں سپلائی کیا گیا، تفتیش جاری ہے، شہر میں محفوظ غذا کی فراہمی کے لیے فوڈ اتھارٹی دن رات کوشاں ہے۔
گدھے کا گوشت کسے اور کہاں فروخت کیا جاتا تھا، کوئی دستاویز نہیں مل سکی، پولیس
دوسری جانب اسلام آباد میں گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، گرفتار غیرملکی کا نام زونگ وی ہے، جو حال ہی میں 90 دن کے ویزے پر پاکستان پہنچا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گوشت کسے اور کہاں فروخت کیا جاتا تھا، اس حوالے سے کوئی دستاویز نہیں مل سکی، گدھوں کو کاٹنے والی جگہ سے سینکڑوں کھالیں بھی برآمد ہوئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کھالیں گوادر لے جا کر بیرون ملک ایکسپورٹ کی جاتی تھیں، پنجاب کے مختلف علاقوں سے شہری یہاں گدھے فروخت کرنے آتے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپے کے وقت موقع پر موجود پاکستانی افراد فرار ہو گئے تھے، گدھے کاٹنے والی جگہ کا مالک جیانگ لیانگ بیرون ملک ہے، غیرملکی کوٹرانسلیٹر کی سہولت حاصل ہیں جبکہ تفتیش میں تاحال خاطرخواہ معلومات نہ مل سکیں۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔