Aaj News

کراچی ایم اے جناح روڈ پر الیکٹرانک مارکیٹ میں لگی آگ قابو میں آگئی، کتنی گاڑیوں نے حصہ لیا؟

آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تنگ گلیوں کے باعث آپریشن میں دشواری کا سامنا رہا، چیف فائر آفیسر ہمایوں خان
شائع 24 جولائ 2025 11:10pm

کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر الیکٹرانک مارکیٹ میں لگی آگ قابو میں آگئی، 4 ٹینڈر اور ایک باوزر نے آپریشن میں حصہ لیا جبکہ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تنگ گلیوں کے باعث آپریشن میں دشواری کا سامنا رہا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ کے سامنے ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ الیکٹرانکس مارکیٹ کی ایک دکان کے اندر مچان میں لگی، جس کی وجہ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی 3 گاڑیاں اور فائر باوزر جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

چیف فائر آفیسر محمد ہمایوں خان نے کہا کہ شدید دھویں کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات پیش آئیں تاہم 4 ٹینڈر اور ایک باوزر کی مدد سے آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔

ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ نقصان کا تخمینہ لگانا فی الحال ممکن نہیں تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

صدر الیکٹرانک مارکیٹ رضوان عرفان نے کہا کہ آگ اس وقت لگی جب مارکیٹ کھلی ہوئی تھی، اگر بند ہوتی تو زیادہ نقصان کا خدشہ تھا تاہم ابھی مالی نقصان کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔

karachi

Karachi Fire

M A jinnah road

electronics market fire