خیبرپختونخوا: پولیس چوکیوں پر خوارج کا حملہ پسپا، تھرمل ٹیکنالوجی نشانہ بنانے کی کوشش ناکام
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس چوکی مزانگہ اور شیخ لنڈک پر خوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہوگئے۔ حملہ آوروں کا ہدف حساس تھرمل ٹیکنالوجی تھی، تاہم پولیس تنصیبات مکمل طور پر محفوظ رہیں۔
سنٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق دونوں حملے پیر اور منگل کی درمیانی شب کیے گئے۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں فوری ردعمل دیتے ہوئے چوکیوں کا کامیابی سے دفاع کیا۔ اس دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ممکنہ دہشت گردوں کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی پی او پشاور نے بتایا کہ دونوں مقامات پر پولیس فورسز چوکس تھیں، جس کے باعث تھرمل ٹیکنالوجی کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنائی گئی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور آر پی او بنوں نے بہادری سے ڈٹے رہنے والے پولیس اہلکاروں کو شاباش دی ہے اور ان کے لیے انعامات کا اعلان بھی کیا ہے۔
حکام کے مطابق موجودہ سیکیورٹی صورت حال کے پیش نظر حساس تنصیبات کی نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ علاقے میں ہائی الرٹ نافذ ہے۔
صوابی: تھانہ پرمولی کی حدود میں فائرنگ، ایک پولیس اہلکار زخمی، حالت خطرے سے باہر
صوابی: تھانہ پرمولی کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ پیر کی شب پیش آیا جب گشت پر مامور پولیس پر اچانک فائرنگ کی گئی۔
زخمی پولیس اہلکار عرفان علی کو فوری طور پر باچاخان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا جہاں اسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسپتال کے ترجمان کے مطابق عرفان علی کو ٹانگ میں گولی لگی، تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ تھانہ پرمولی اور اطراف کے علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
واقعے کی نوعیت اور حملہ آوروں کے ممکنہ عزائم کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشتبہ افراد یا سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔