Aaj News

خیبرپختونخوا: محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری، 10 افراد جاں بحق، مزید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ

خیبرپختونخوا میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے
شائع 22 جولائ 2025 09:10am

خیبرپختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچادی، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن میں 6 بچے، 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں، جبکہ دو افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں باجوڑ، بونیر، اپر چترال، شانگلہ، سوات اور اپر کوہستان شامل ہیں۔ باجوڑ میں ایک مرد اور ایک بچہ سیلابی ریلے کی نذر ہوگئے، بونیر میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا، جبکہ سوات میں دلخراش واقعے میں ایک خاتون اور پانچ بچے سیلاب میں بہہ گئے۔ اپر کوہستان میں بھی ایک خاتون جان سے گئی۔

راولپنڈی، اسلام آباد میں طوفانی بارشوں سے تباہی، گاڑیاں بہہ گئیں، دیواریں گر گئیں، نظام زندگی مفلوج

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید بارشوں اور طغیانی سے دو مکانات مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ آٹھ گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ متعلقہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

ادھر محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے، جس کے باعث شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ اور ہنگو سمیت متعدد علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

بابوسر ٹاپ میں کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب: سیکڑوں سیاح پھنس گئے، متعدد ہلاکتیں، این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

محکمہ موسمیات کے مطابق، گزشتہ روز سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، نوشہرہ اور کرم میں بارش ہوئی، جبکہ بالاکوٹ میں 54 ملی میٹر، پاراچنار میں 25 ملی میٹر اور مالم جبہ میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پہاڑی اور ندی نالوں کے قریب سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

PDMA

kpk rain and flood