Aaj News

سینیٹ انتخابات: حافظ عبدالکریم کی شاندار کامیابی پر وزیراعظم اور نواز شریف کی مبارکباد

نومنتخب سینیٹر حافظ عبدالکریم نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعتماد ان کے لیے ایک اعزاز ہے
شائع 22 جولائ 2025 09:01am

وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے حافظ عبدالکریم کو فون کرکے ان کی کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے ان کے سیاسی کردار اور مسلسل خدمات کو سراہا، جبکہ نواز شریف نے حافظ عبدالکریم کی سیاسی بصیرت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی کامیابی ن لیگ کے اصولی مؤقف اور اتحاد کا ثمر ہے۔

پنجاب اسمبلی میں سینیٹ کی خالی نشست پر ہونے والے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بھاری اکثریت سے میدان مار لیا۔ غیر حتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق، کل 368 میں سے 245 ووٹ کاسٹ ہوئے، جن میں حافظ عبدالکریم نے 243 ووٹ حاصل کیے جبکہ اپوزیشن کے امیدوار عبد الستار صرف 99 ووٹ لے سکے۔ تین ووٹ مسترد ہوئے۔

یہ نشست ن لیگ کے سینئر رہنما پروفیسر ساجد میر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ انتخاب کے دوران حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان نے اپنی قیادت کی ہدایات پر مکمل عمل کیا۔ سینیٹ کی اس نشست پر ن لیگ کی یہ کامیابی پارٹی کے لیے ایک بڑی سیاسی فتح تصور کی جا رہی ہے۔

نومنتخب سینیٹر حافظ عبدالکریم نے پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعتماد ان کے لیے ایک اعزاز ہے، اور وہ ایوان بالا میں ملک و قوم کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ عوامی خدمت کو مشن سمجھ کر جاری رکھیں گے اور اپنی جماعت کے منشور کو ہر فورم پر اجاگر کریں گے۔

Nawaz Sharif

PM Shehbaz Sharif

punjab senate election

Hafiz Abdul Karim