Aaj News

بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بیان آگیا

مریم نواز نے غیرت کے نام پر بیٹی کے قتل کو انسانیت کے ضمیر پر حملہ قرار دے دیا
شائع 21 جولائ 2025 05:30pm

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کو انسانیت کے ضمیر پر حملہ قرار دے دیا۔

بلوچستان میں غیرت کے نام پر قتل کے واقعے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر سخت ردعمل دیا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان میں غیرت کے نام پر بیٹی کا قتل انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے، اس لرزہ خیز واقعے نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یہ ظلم ناقابلِ معافی ہے، ریاستی قانون سے بالاتر کوئی رسم، روایت یا سوچ قابلِ قبول نہیں ہے، قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، ویڈیو میں مسلح افراد نامعلوم مقام پر ایک خاتون اور مرد پر اندھا دھند فائرنگ کرتے دکھائی دے رہے تھے۔

ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے کا نوٹس لیا تھا۔

شاہد رند نے کہا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق یہ عیدالاضحیٰ کے قریب کا واقعہ ہے، اب تک لاشیں برآمد نہیں ہوئیں، علاقے میں اس وقت سی ٹی ڈی اور پولیس موجود ہے۔

بلوچستان

Maryam Nawaz

Honor Killing

Maryam Nawaz Sharif

couple murder

CM Punjab Maryam Nawaz