Aaj News

کپل شرما نے کینیڈا میں اپنے کیفے پر فائرنگ کے بعد خاموشی توڑ دی

10جولائی کو نامعلوم افراد نے کیفے پر اندھا دھند گولیاں چلائی تھیں
شائع 21 جولائ 2025 03:30pm

بھارت کے معروف کامیڈین اور اداکار کپل شرما نے کینیڈا میں اپنے ریسٹورنٹ ”کَیپس کیفے“ پر فائرنگ کے خوفناک واقعے کے بعد ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے کیفے کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما اور ان کی اہلیہ گنی چترات نے جولائی کے آغاز میں کینیڈا کے شہر سرے (Surrey) میں اس کیفے کا افتتاح کیا تھا، جس کے چند دن بعد ہی اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جس سے پوری کمیونٹی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

10 جولائی کی رات 1:50 بجے نامعلوم افراد نے کیفے پر اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ پولیس کے مطابق اس وقت کیفے کے اندر عملہ موجود تھا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واقعے کے بعد کیفے کی کھڑکیوں پر کم از کم 10 گولیوں کے نشانات دیکھے گئے، جبکہ ایک کھڑکی مکمل طور پر چکناچور ہو گئی۔

کینیڈین میڈیا کے مطابق فائرنگ کے پیچھے ہرجیت سنگھ لادی نامی شخص کا نام سامنے آ رہا ہے، جس نے مبینہ طور پر ایک شو میں کپل شرما کے کیے گئے کسی طنزیہ تبصرے کے ردعمل میں یہ قدم اٹھایا۔ واقعے کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں حملہ آور کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک ہفتے کی بندش کے بعد، کپل شرما نے انسٹاگرام اسٹوری میں کیفے کی دوبارہ بحالی کا اعلان کیا۔

entertainment

lifestyle

شخصیات