Aaj News

آج تاجر برادری ہڑتال کرے گی یا نہیں؟ بڑا فیصلہ ہو گیا

چیمبر کے ایک ممبر نے اکثریتی رائے سے اتفاق نہیں کیا
اپ ڈیٹ 19 جولائ 2025 12:07am

کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چیمبرز اینڈ ٹریڈ باڈیز کے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ آج (19جولائی) کو ہونے والی تاجراور صنعتکاروں کی ہڑتال ملتوی کی جائے گی۔ اجلاس میں کراچی، لاہور، فیصل آباد، کوئٹہ سمیت تمام بڑے چیمبرز کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکومتی پیغام دیگر ایسوسی ایشنز اور ممبران تک پہنچایا گیا، جس پر تمام چیمبرز نے مثبت ردعمل دیا اور ہڑتال ملتوی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ تاہم، ذرائع کے مطابق صرف ایک چیمبر ہڑتال کرنے پر بضد ہے۔

لاہور کے تاجروں کا ایف بی آر قوانین کیخلاف 19 جولائی کو ہڑتال کی حمایت کا اعلان

تاجر برادری حکومت کے خلاف سراپا احتجاج، 19 جولائی کو کاروبار بند رکھنے کا اعلان

صدر کراچی چیمبرز کے مطابق حکومت نے تاجروں اور صنعتکاروں کے مطالبات کو کافی حد تک تسلیم کر لیا ہے، تاہم تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تمام معاملات کو تحریری شکل میں یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ آئندہ کسی قسم کا اختلاف نہ ہو۔

تجارتی برادری اور حکومت کے درمیان جاری یہ مذاکرات تاجروں کی جانب سے احتجاج کی شکل اختیار کرنے سے عارضی طور پر گریز کا اشارہ ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ معاملات بہتر انداز میں حل ہوں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی کل ہڑتال نہ کرنے کا اعلان

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی نے کل ہڑتال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات کو سن کر متنازع شقیں واپس لینے کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس کی سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی جو حتمی منظوری دیں گے۔

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام نے کہا ہے کہ پورے پاکستان کے چیمبرز ہمارے ساتھ ہیں اور میٹنگ بہت اچھی رہی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ہڑتالوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مذاکرات ہی بہتر راستہ ہیں اور اس بار مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل ہو گیا ہے۔

ایف بی آر اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے دو ایف بی آر اور چیمبرز کے افراد پر مشتمل چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ان امور پر کام کرے گی۔

عاطف اکرام نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات بہترین ماحول میں ہوئے اور تاجروں کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ احتجاج نہیں ہوگا۔ اگر کسی کے بھی تحفظات ہوں تو انہیں بھی حل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے تمام مطالبات تسلیم کرلیے ہیں اور وزیراعظم ان کی حتمی منظوری دیں گے۔

تاجر رہنما اجمل بلوچ نے کہا کہ اگر مسائل حل نہ ہوئے تو احتجاج سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مگر ایک ماہ میں تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

FPCCI

shutterdown strike

traders strike