Aaj News

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرت کامیاب، معطل 26 ارکان کو بحال کرنے کا فیصلہ

ارکان کی بحالی کا اعلان سپیکر ملک محمد احمد خان رولنگ کے ذریعے کریں گے
شائع 17 جولائ 2025 07:36pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پنجاب حکومت اور اپوزیشن میں مذاکرات کامیاب ہو گئے پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا، 26 معطل ارکان کو بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ ارکان کی بحالی کا اعلان سپیکر ملک محمد احمد خان رولنگ کے ذریعے کریں گے۔

پنجاب اسمبلی سے اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی کے معاملے میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان پر مشتمل مذاکراتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس ختم ہوگیا۔

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، اجلاس میں معطل ہونے والے اپوزیشن کے 26 ارکان کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، ارکان کی بحالی کا اعلان اسپیکر ملک محمد احمد خان رولنگ کے ذریعے کریں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے آڈیو لنک کے ذریعے مذاکراتی کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کی جبکہ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، معین قریشی بھی میٹنگ میں شریک ہوئے، اس کے علاوہ پارلیمانی لیڈر علی امتیاز وڑائچ، چیف وہپ رانا شہباز، حکومتی ارکان میں افتخار چھچھڑ، شعیب صدیقی، مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان کی میڈیا سے گفتگو

صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج مذاکراتی کمیٹی کا تیسرا اجلاس تھا اور آج کا اجلاس نتیجہ خیزرہا، اپوزیشن کےساتھ ہمارا اتفاق رائے ہوا ہے، آئندہ اجلاس میں گالی، گلوچ، نعرے بازی نہیں ہوگی، اپوزیشن لیڈرجب اسمبلی میں بات کریں گے کوئی نعرے بازی نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریر کے دوران بھی کوئی نعرے بازی نہیں ہوگی، بزنس ایڈوائزری کے مطابق ہی ایوان کوچلایا جائےگا۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ ایتھیکس کمیٹی کو فعال کیا جائےگا، ہراجلاس کے بعد ایتھیکس کمیٹی رولزکی خلاف ورزی کے معاملے کو دیکھے گی، اپوزیشن نے ارکان کی بحالی کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، اپوزیشن ارکان کی معطلی والا معاملہ اسپیکر دیکھیں گے، اپوزیشن کے 26 ممبران سینیٹ الیکشن میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی آج کی میٹنگ میں آن لائن شریک تھے، بیرون ملک سے آکر سپیکرپنجاب اسمبلی اپنی رولنگ دیں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن و حکومت میں مذاکرات کی کامیابی پرمبار کباد

اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی کامیابی پرمبار کباد دی۔

ملک محمد احمد خان نے آڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ کا حق کسی صورت کسی سے نہیں چھینا جا سکتا، آپ سب کا مشکور ہوں آپ نے مذاکرات میں حصہ لیا، احتجاج اپوزیشن کا حق ہے مگر آئین کے مطابق ہونا چاہیئے۔

اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو

اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا تیسرا دور تھا، حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے تجاویز آئیں، اتفاق ہوا کہ ایڈوائزری کمیٹی کو فعال کیا جائے گا، ایتھکس کمیٹی جو غیر فعال تھی اسے فعال کہا جائے گا، ایتھکس کمیٹی اور رولز 223 کے تحت ہاؤس کو چلائیں گے۔

ملک احمد خان بھچر نے مزید کہا کہ گالی گلوچ برداشت نہیں ہوگی، اگر بحال کردیں گے تو ٹھیک ہے، اگر نہیں کریں گے تو باہر اسمبلی لگا لیں گے، ہمارے ارکان بحال نہیں ہوئے مذکرات کامیاب ہوئے ہیں، ہم اپنی اسمبلی کل پنجاب اسمبلی کے باہر لگائیں گے، ہم سے کسی نے معافی کا نہیں کہا نہ ہم نے معافی مانگی۔

یاد رہے کہ 28 جون کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اسمبلی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا تھا جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کر دیا تھا اور ان کی نااہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں 15 جولائی کو پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے معطل ارکان کو جرمانہ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ اسمبلی میں توڑ پھوڑ، مائیک توڑنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزامات پر 10 ارکان پر 20 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ اسپیکر کے مطابق ہر رکن کو 2 لاکھ 3 ہزار 550 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

مذاکرات کی کامیابی کے بعد مذکورہ معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کشیدگی میں کمی متوقع ہے۔

punjab assembly

Assembly Members Suspended

government and opposition