Aaj News

ملک بھر میں گھی کی قلت کا خدشہ، ملزغیرمعینہ مدت کیلئے بند کرنے کی دھمکی

جمعہ تک مطالبات نہ مانے تو گھی ملیں بند کر دیں گے،صدر پاکستان بناسپتی مینوفیکچررایسوسی ایشن
شائع 17 جولائ 2025 01:17pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے بڑا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملک بھر کی گھی ملز جمعہ کے بعد غیرمعینہ مدت کے لیے بند کر دی جائیں گی۔ ایسوسی ایشن کے صدر شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کہ یہ ہڑتال محض ایک دن کی نہیں بلکہ غیرمعینہ مدت کی ہوگی، اور اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو ملک بھر میں گھی اور آئل کی سپلائی مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔

شیخ عمر ریحان کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے گھی ملوں میں اہلکاروں کی تعیناتی نے انڈسٹری کو شدید دباؤ کا شکار کر دیا ہے، اور اس سے کاروباری ماحول میں خوف کی فضا قائم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے 37 اے، ڈیجیٹل انوائسز، اور بینکوں کے ذریعے 2 لاکھ روپے سے زائد لین دین کی لازمی شرط انڈسٹری کیلئے ناقابل قبول ہیں۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر ان شرائط کو واپس لے اور کاروبار دوست پالیسی اپنائے۔ گھی اور کوکنگ آئل کے شعبے میں کسی بھی تعطل کی صورت میں نہ صرف مہنگائی میں اضافہ ہوگا بلکہ سپلائی چین بھی متاثر ہو گی جس کے اثرات براہ راست عام صارفین تک پہنچیں گے۔

Strike

banaspati ghee

banaspati ghee price