وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی نافذ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں، جبکہ کشتیوں کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں عوام کو ریسکیو کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے اور تمام فیلڈ اسپتالوں و طبی مشینری کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے پولیس کو گشت بڑھانے اور امدادی کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی ہدایت بھی جاری کی۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف حادثات کے نتیجے میں صوبے بھر میں 63 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہو چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں 15، فیصل آباد میں 9، ساہیوال میں 5، اوکاڑہ میں 9 اور پاکپتن میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ پی ڈی ایم اے کے ترجمان عرفان کاٹھیا کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک مجموعی طور پر 103 افراد جاں بحق جبکہ 393 شہری زخمی ہو چکے ہیں۔
بارشوں کے باعث 128 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 6 مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پالیسی کے تحت جاں بحق افراد کے لواحقین کو مالی امداد فراہم کی جائے گی، اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔
ریسکیو، صحت، ضلعی انتظامیہ اور پولیس اہلکار مسلسل متاثرہ علاقوں میں سرگرم عمل ہیں، تاہم شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں تک رسائی میں دشواریاں درپیش ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ہر صورت متاثرہ افراد تک رسائی اور امداد یقینی بنائی جائے۔
Aaj English















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔