پاک فضائیہ کے جدید ترین طیارے برطانیہ پہنچ گئے، رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025 میں شاندار شرکت
پاکستان ایئر فورس کا ایک مضبوط اور جدید سازوسامان سے لیس دستہ رائل ایئر فورس بیس فیئرفورڈ (برطانیہ) پہنچ گیا ہے، جہاں وہ دنیا کے سب سے بڑے ملٹری ایئر شوز میں سے ایک ”رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو 2025“ (RIAT) میں پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
پاک فضائیہ کے اس دستے میں جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیارے اور مشہور سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ شامل ہے۔ یہ شرکت نہ صرف پاکستان ایئر فورس کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیت اور مقامی ہوا بازی کی صنعت کی ترقی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ بھی ہے۔
برطانیہ کے سفر کے دوران پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر بلاک-تھری طیاروں نے IL-78 ایریل ریفیولنگ ٹینکر کی مدد سے کامیاب فضائی ایندھن فراہمی (Air-to-Air Refuelling) کا مظاہرہ کیا۔ یہ کامیاب مشق پاکستان ایئر فورس کی طویل فاصلے تک کارروائی کی صلاحیت اور فضائی و زمینی عملے کی مہارت کی بھرپور عکاسی کرتی ہے۔
جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III، 4.5 جنریشن کا جدید ترین ہمہ جہت جنگی طیارہ ہے جو AESA ریڈار، لانگ رینج BVR میزائلوں اور دیگر جدید آلات سے لیس ہے۔ یہ طیارہ ہر طرح کے فضائی جنگی مشن سرانجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور قومی دفاع کو عصر حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے میں مضبوط بناتا ہے۔
حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے پس منظر میں برطانیہ بھر میں ایوی ایشن شائقین اور دفاعی مبصرین کی جانب سے پاک فضائیہ کے جے ایف-17 بلاک-III کی آمد کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ اس طیارے کی جنگی قابلیت اور آپریشنل کارکردگی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، اور RIAT 2025 میں اس کی شرکت ایوی ایشن اور دفاعی برادری کے لیے ایک نمایاں لمحہ بن چکی ہے۔
روایتی انداز کے مطابق اس سال کی تھیم ”Eyes in the Skies“ کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک فضائیہ کے سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارے کو خصوصی آرٹسٹک لِوری (رنگ و ڈیزائن) سے آراستہ کیا گیا ہے، جو ایوی ایشن کی دنیا میں پاکستان کی تخلیقی صلاحیت اور آپریشنل ورثے کی علامت ہے۔ یہ دلکش طیارہ ایئر شو میں خاص مرکزِ نگاہ ہوگا۔
RIAT 2025 میں پاک فضائیہ کی شرکت کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان باہمی ہم آہنگی، تجربات کا تبادلہ، اور پاکستان ایئر فورس کی ایک جدید، مؤثر اور عالمی امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے والی فورس کے طور پر شبیہ کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔