Aaj News

حمیرا اصغر کی موت معمہ بن گئی؛ مزید تحقیقات کیلئے سی ٹی ڈی اور ایف آئی اے کی انٹری

میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے جس سے اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ وجہ موت کیا بنی
شائع 16 جولائ 2025 05:20pm
فائل فٹو
فائل فٹو

اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت نے شوبز انڈسٹری سمیت سیکیورٹی اداروں کو بھی تشویش میں مبتلا کر دیا ہے، پولیس نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے، جب کہ سی ٹی ڈی، ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے باضابطہ مدد طلب کر لی گئی ہے۔ میڈیکل رپورٹس کا بھی انتظار ہے جس سے اس بات کا تعین کیا جائے گا کہ وجہ موت کیا بنی۔

اداکارہ حمیرااصغر کی پراسرار موت پر پولیس نے تحقیقات تیز کر دی ہیں۔ تفتیشی ٹیم نے سی ٹی ڈی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مدد مانگ لی ہے۔

حمیرا اصغر کے موبائل فون کا ڈیٹا ریکور کرنے کے لیے سی ٹی ڈی سے رابطہ کیا گیا ہے جب کہ ان کا سفری ریکارڈ حاصل کرنے کے لیے ایف آئی اے کو خط بھیجا گیا ہے۔

پولیس نے اداکارہ کے بینک اکاؤنٹس سے متعلق معلومات کے لیے متعلقہ بینکوں سے بھی رابطہ کر لیا ہے۔

تفتیش کے دوران حمیرا اصغر کے گھر سے دو شناختی کارڈ برآمد ہوئے ہیں، جن میں سے ایک اصلی جبکہ دوسرا کلر کاپی ہے۔ کلر کاپی شناختی کارڈ میں حمیرا اصغر کی تاریخِ پیدائش کم درج ہے۔

پولیس حکام کے مطابق کیس سے متعلق تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے اور میڈیکل رپورٹس کا انتظار ہے جو موت کی اصل وجہ جاننے میں مدد دیں گی۔

FIA

CTD

Humaira Asghar

Mystery Death Police Investigation