الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ جاری کردیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ جاری کردیا۔
فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کرلی گئی، خیبر پختونخوا اسمبلی میں (ن) لیگ کو اضافی نشست مل گئی جبکہ اقلیتی نشست پر (ن) لیگ اور جمعیت علمائے اسلام (ف) میں ٹاس ہوگا۔
فیصلے کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کو 9، جے یو آئی کو 9، پیپلز پارٹی کو 5، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کو ایک ایک اضافی نشست ملی۔
فیصلے میں مزید بتایا گیا کہ ن لیگ کو خیبر پختوانخوا اسمبلی میں خاتون کی اقلیتی نشست بھی مل گئی، 26 مخصوص خواتین کی نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے مابین ٹاس ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے کیس پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی، اس دوران 5 سیاسی جماعتوں اور 21 امیدواروں نے مؤقف پیش کیا تھا۔
مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور پی ٹی آئی پی نے دلائل دیے تھے، جن میں مخصوص نشستوں کی گنتی، نوٹی فکیشن کی تاریخ اور پارٹی شمولیت کی مہلت جیسے نکات کو بنیاد بنایا گیا تھا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے علی امین گنڈا پور کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا
دوسری جانب مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی حلف برداری کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خط پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو باضابطہ طور پر خط لکھ دیا۔
پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر زبیر ارشد کی طرف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پرنسپل سیکرٹری کے نام ارسال کیے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی تحریری ہدایات جاری کی ہیں تاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے مطابق مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی حلف برداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
خط کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کے رولز آف بزنس 1985 کے رول 36(1)(a) بمعہ شیڈول V کے تحت صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا معاملہ معزز گورنر خیبرپختونخوا کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ذریعے بھیجا جانا ضروری ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے آئین کے آرٹیکل 109(a) کے تحت صوبائی اسمبلی کا اجلاس فوری طور پر طلب کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔