Aaj News

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عمران خان کو دستیاب سہولتوں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا

عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں، جیل انتظامیہ
شائع 15 جولائ 2025 05:16pm

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دستیاب سہولتوں سے متعلق وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں، انہیں دستیاب سہولیات کسی بھی دوسرے قیدی کے پاس نہیں۔

سینٹرل جیل راولپنڈی کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات قانون و ضابطے کے مطابق فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کے ساتھ کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جا رہا۔

بیان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو 7 سیلز پر مشتمل علیحدہ کمپلیکس میں رکھا گیا ہے جہاں ان کے لیے کھلا صحن، واک، ایکسرسائز بائیک، ایل ای ڈی، اخبارات اور ذاتی انتخاب کی کتابیں دستیاب ہیں۔ انہیں اپنی پسند کے مطابق ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھانا تیار کرنے کے لیے ایک قیدی باورچی بھی مہیا کیا گیا ہے، جبکہ ایسی سہولیات دیگر بی کلاس قیدیوں کو حاصل نہیں۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کی جانب سے بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل میں قید کے دوران اب تک 413 مرتبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر پیغامات جاری کروائے، جن میں انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو سیاسی سرگرمیوں، انتخابات، حکومت سے مذاکرات اور آئینی ترامیم سے متعلق ہدایات دیں۔ اگست 2024 سے اب تک ان کے بیانات 145 مرتبہ قومی میڈیا کی شہ سرخیاں بنے۔

بیان میں کہا گیا کہ عمران خان 10 بین الاقوامی میڈیا اداروں سے بھی رابطے میں رہے جن میں رائٹرز، فاکس نیوز، آئی ٹی وی، وال اسٹریٹ جرنل اور دیگر شامل ہیں۔ وہ روزانہ کی بنیاد پر جیل میں ہونے والی عدالتی سماعتوں کے دوران میڈیا نمائندوں سے براہ راست مخاطب ہوتے رہے ہیں۔

سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل اڈیالہ کے مطابق گزشتہ 3 ماہ میں بانی پی ٹی آئی سے 66 افراد کی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں ان کے اہلِ خانہ، سیاسی ساتھی اور وکلاء شامل تھے۔ ان کے لیے متعین جیل ڈاکٹرز روزانہ 3 مرتبہ طبی معائنہ کرتے ہیں، اور حالیہ 2 ہفتوں میں ان کی صحت مکمل طور پر تسلی بخش قرار دی گئی ہے۔

جیل انتظامیہ نے سوشل میڈیا اور بعض سیاسی حلقوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو سہولیات نہ ملنے سے متعلق دعوؤں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف سنسنی پھیلانے اور سیاسی فائدے کے لیے پھیلائی گئی افواہیں ہیں۔

بیان کے اختتام پر جیل انتظامیہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام تر سہولیات قانون کے مطابق دی جا رہی ہیں، ان کی صحت، سیکیورٹی اور حقوق کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے، اور وہ دیگر قیدیوں کی نسبت کہیں زیادہ مراعات کے حامل ہیں۔

imran khan

adiala jail

Adiyala Jail

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Adyala Jail

Adiayala Jail