Aaj News

اپنا ٹیکس خود فائل کریں۔۔۔ تنخواہ دار طبقے کیلئے آسان خودکار ٹیکس فائلنگ نظام متعارف، یہ کیسے کام کرتا ہے؟

نہ زیادہ لکھنے کی جھنجھٹ، نہ کسی ماہر کی ضرورت — سارا کام خودکار طریقے سے ہوگا
شائع 15 جولائ 2025 12:30pm

اب انکم ٹیکس فائل کرنا مشکل اور الجھا ہوا عمل نہیں رہا، کیونکہ حکومت نے تنخواہ دار افراد کے لیے ٹیکس فائلنگ کا عمل انتہائی آسان بنا دیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ایک نیا آن لائن فارم متعارف کروایا ہے جو خودکار طریقے سے آپ کی تنخواہ، خریداری، بینک بیلنس اور دیگر معلومات اکٹھی کرے گا — آپ کو بس اپنی تفصیلات چیک کرنی ہیں اور فارم جمع کروانا ہے۔

یہ نیا فارم کیسے کام کرے گا؟

یہ ایک سادہ سا آن لائن فارم ہے جو آٹھ آسان مرحلوں میں مکمل ہوتا ہے۔ ہر اسکرین پر آپ سے ایک سوال پوچھا جائے گا، اور جیسے ہی آپ جواب دیں گے، سسٹم خود ہی باقی معلومات شامل کر دے گا۔

مثال کے طور پر:

  • آپ جیسے ہی اپنی کمپنی یا دفتر کا نام لکھیں گے، سسٹم خود بتا دے گا کہ کتنی تنخواہ ملی اور کتنا ٹیکس پہلے ہی کٹ چکا ہے۔
  • آپ کا قومی شناختی کارڈ (CNIC) نمبر ڈالنے سے، آپ کے نام پر جتنی بھی خریداری، بل، بینک اکاؤنٹ، اور دیگر ٹیکس کی کٹوتیاں ہو چکی ہوں گی، وہ خودبخود فارم میں آ جائیں گی۔
  • بینک کی تفصیل دینے سے، سسٹم آپ کا بیلنس بھی خود ہی شامل کر دے گا۔

یعنی نہ زیادہ لکھنے کی جھنجھٹ، نہ کسی ماہر کی ضرورت — سارا کام خودکار طریقے سے ہوگا۔

یہ فارم کب اور کس کے لیے دستیاب ہے؟

  • یہ فارم فی الحال صرف تنخواہ دار افراد کے لیے ہے۔
  • اس کا اردو ورژن جولائی کے آخر تک آ جائے گا۔
  • جلد ہی یہ فارم سندھی، پشتو، پنجابی اور بلوچی زبانوں میں بھی دستیاب ہوگا۔
  • دوسرے کاروباری افراد 30 جولائی کے بعد اس کا استعمال کر سکیں گے۔
  • جبکہ انکم ٹیکس جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت: چھوٹے ریفنڈز فوری ملیں گے

وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کو کہا ہے کہ 50 ہزار روپے تک کے انکم ٹیکس ریفنڈز ایک ماہ کے اندر اندر لوگوں کو واپس کیے جائیں۔ اس کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اگر کوئی سوال ہو تو کیا کریں؟

وزیراعظم نے ایف بی آر کو یہ بھی کہا ہے کہ ایک ہیلپ لائن بنائی جائے جہاں لوگ فون کر کے رہنمائی حاصل کر سکیں، تاکہ کسی کو مشکل نہ ہو۔

ٹیکنالوجی کا استعمال: اب نظام ہوگا تیز اور محفوظ

حکومت نے ٹیکس نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے تاکہ ہر چیز خودکار، محفوظ اور شفاف طریقے سے ہو۔

یعنی اب ٹیکس فائل کرنا اتنا ہی آسان ہے جتنا کسی ایپ میں بل دیکھنا۔ معلومات خود شامل ہو جائیں گی، زبان بھی جلد اردو میں ہو گی، اور ریفنڈ بھی جلدی ملے گا۔ بس 30 ستمبر سے پہلے فائل کرنا نہ بھولیں۔

FBR

Income Tax

PM Shehbaz Sharif

Online Tax Filing

Online Tax Form

Salaried Class Tax File