Aaj News

خیبرپختونخوا: سینیٹ انتخابات کی تیاریاں، اپوزیشن میں اتحاد کا فارمولہ تاحال طے نہ ہوسکا

متحدہ اپوزیشن کے سینیٹ کی 5 سیٹیں جیتنے کا امکان ہے،ذرائع
شائع 14 جولائ 2025 12:34pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں تاہم اپوزیشن جماعتوں کے درمیان تاحال باہمی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا کوئی واضح فارمولا طے نہیں ہوسکا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انفرادی فیصلوں سے گریز کریں اور سینیٹ انتخابات مل کر لڑیں تاکہ مشترکہ طور پر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

پیپلزپارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کو واضح پیغام بھجوا دیا ہے کہ سولو فلائٹ کی صورت میں اجتماعی نقصان ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر ایک سینیٹ نشست ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے صدر محمد علی شاہ نے ن لیگ، جے یو آئی، اے این پی اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز سے رابطے کیے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کو تمام اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مثبت ردعمل کی توقع ہے، اور اگر اپوزیشن جماعتیں متحد ہو گئیں تو سینیٹ کی کم از کم 5 نشستیں حاصل کرنے کا امکان ہے۔

سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے ابتدائی تخمینے کے مطابق پیپلزپارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کو دو دو نشستیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کو ایک نشست ملنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Senate elections

KPK