خیبرپختونخوا میں سیاسی تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی مشاورت حتمی مرحلے میں داخل
خیبرپختونخوا کی سیاست میں بڑی تبدیلی کی بازگشت، صوبے کی اپوزیشن جماعتوں کی اہم مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر امیر مقام، وزیراعظم کے مشیر پرویز خٹک اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے درمیان غیر رسمی ملاقات ہوئی۔
یہ ملاقات پرویز خٹک کی رہائش گاہ پر ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد ہوئی، جس میں صوبائی سیاسی صورتحال، ضم شدہ اضلاع کے مسائل اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن قیادت نے آئندہ سینیٹ انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور متحدہ لائحہ عمل کے تحت الیکشن لڑنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ ملاقات میں ضم شدہ اضلاع میں بدامنی، عوامی تشویش اور وزیراعظم کی جانب سے قائم کمیٹی کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ادھر گورنر فیصل کریم کنڈی اور امیر مقام کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں بھی علیحدہ ملاقات ہوئی، جس میں آئندہ سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ ملاقات کے بعد یہ طے پایا کہ گورنر ہاؤس میں اپوزیشن اراکین اسمبلی کی ایک بڑی بیٹھک جلد بلائی جائے گی، جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی سرگرمیوں میں تیزی ممکنہ تبدیلیوں کی نشاندہی کر رہی ہے، اور سینیٹ انتخابات اس نئی صف بندی کا پہلا امتحان ثابت ہو سکتے ہیں۔
Aaj English

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔