پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش، متعدد علاقے زیر آب
ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، صادق آباد، کوٹ ادو، کمالیہ، راجن پور، خان پور، ساہیوال اور دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ نے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ دریائے چناب اور تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جس پر حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
ادھر تونسہ شریف میں دریائے سندھ میں سیلابی کیفیت کے باعث متعدد رابطہ پل زیر آب آگئے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی فلڈ ریلیف کیمپ قائم نہیں کیا گیا، جس کے باعث متاثرہ شہری کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں۔
ماہرین موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔
پنجاب میں مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے، لاہور سمیت مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش کے بعد پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو، واسا اور دیگر ادارے مشینری و عملے سمیت تیار رہیں۔ کنٹرول روم میں چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا موجودہ سلسلہ 17 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق اوکاڑہ میں 72 ملی میٹر، ساہیوال میں 66،ڈی جی خان 51، میانوالی 38، بہاولپور 36،کوٹ ادو 33، گجرانوالہ 30، لیہ 23، مری میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔راولپنڈی، اٹک، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور لودھراں میں بھی بارش ہوئی۔
دریاؤں کی صورتحال کے حوالے سے ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب کے بیشتر دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائے چناب، راوی، جہلم، ستلج اور راجن پور ہل ٹورنٹس میں پانی کی صورتحال نارمل ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان و ڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جائے اور عوام کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں سے دور رہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔