Aaj News

نو مئی جلاؤ گھیراؤ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت کی درخواستیں خارج

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سنایا
شائع 11 جولائ 2025 06:15pm

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے فیصلہ سنایا، درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا، جلاؤ گھیراؤ سے کوئی تعلق نہیں ہے جب سے گرفتار ہیں جیل میں ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں کو منظور کرے۔

پراسکیوشن نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کی اور کہا کہ ملزمان تفتیش میں قصور وار پائے گے ہیں، عدالت ضمانت کی درخواستوں کو خارج کرے۔

عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں کو خارج کردیا، ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی ودیگر کے خلاف 9 مئی کیس کی سماعت ہوئی اور فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے شاہ محمود قریشی کی طرف سے بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے۔

شاہ محمود کے وکیل علی بخاری نے مؤقف اپنایا کہ عدالت نے اس کیس میں کئی ملزمان کو بری کیا ہے، عدالت نے ملزمان کو 8 مارچ 2025 کو اس کیس میں بری کیا ہے۔

وکیل علی بخاری نے بتایا کہ محمود قریشی پہ الزام ہے کہ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی طرف سے ویڈیو پیغام پر ان کے ایما پر توڑ پھوڑ کی، شاہ محمود قریشی کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج ہے۔

Shah Mehmood Qureshi

ATC

pti leaders

mehmood ur rasheed

omar sarfaraz cheema

9 May Cases