Aaj News

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت طبعی تھی یا قتل کیا گیا، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں

اداکارہ حمیرا اصغر کی ملنے والی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار
شائع 11 جولائ 2025 04:57pm

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئی اداکارہ حمیرا اصغر کی موت طبعی تھی یا قتل کیا گیا، اس حوالے سے پولیس نے کیس کی تحقیقات شروع کردیں۔

حمیرا اصغر کی موت کے بعد تحقیقاتی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا

معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے بعد تحقیقاتی اداروں نے معاملے کی چھان بین کا آغاز کردیا، ذرائع کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر نے اگست 2024 میں وفاقی تحقیقاتی اداروں سے رابطہ کیا تھا، اداکارہ نے اپنے موبائل فون اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ہیک ہونے کے متعلق آگاہ کیا تھا جبکہ اداکارہ حمیرا اصغر فون ہیک ہونے سے پریشان تھیں۔

ذرائع تحقیقاتی اداروں کا کہنا ہے کہ اداکارہ حمیرا نے اگست میں آگاہ کیا جس کے بعد تحقیقات شروع کی گئیں لیکن حمیرا نے تحریری طور پر اداروں کو آگاہ نہیں کیا تھا۔

اداکارہ حمیرا اصغر کی ملنے والی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی ملنے والی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کرلی گئی، رپورٹ میں اداکارہ کی موت 8 سے 10 ماہ قبل ہونے کی تصدیق ہوگئی۔

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت 8 سے 10 ماہ قبل ہوئی، ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں آج نیوز کی خبر کی تصدیق ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں تھی، نچلا حصہ مکمل طور پر ختم ہوچکا تھا، لاش ڈی کمپوزیشن کے آخری مراحل میں تھی۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ طبی معائنے سے زیادتی کا پتہ لگانا مشکل ہے، اداکارہ کے بالوں اور کپڑوں کے ٹکڑے کیمیائی معائنے کے لیے بھیج دیے گئے، حتمی رپورٹ میں موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایک فلیٹ سے اُس وقت ملی تھی، جب پولیس عدالتی حکم پر مکان مالک کی شکایت پر فلیٹ خالی کرانے پہنچی تھی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے بتایا تھا کہ پولیس ٹیم نے جب فلیٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا تو اندر سے کوئی جواب نہیں ملا، جس کے بعد دروازہ توڑ کر داخل ہونے پر اداکارہ کی لاش ملی تھی۔

پوسٹ مارٹم کرنے والی پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق لاش گلنے سڑنے کے انتہائی مرحلے میں داخل ہو چکی تھی اور اس قدر مسخ ہو گئی تھی کہ فوری طور پر موت کی وجہ بیان کرنا ممکن نہیں۔

پولیس اداکارہ کی موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔

karachi

Humaira Asghar

Humaira Asghar Case