Aaj News

وزیر بلدیات سندھ کی جماعت اسلامی ٹاؤن چیئرمینز سے ملاقات

کراچی کے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی کی تجاویز پر عملدرآمد کریںگے، سعید غنی
شائع 09 جولائ 2025 10:23pm

سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کا کہنا ہے کہ لیاری پر قائم کمیٹی اپنی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی ، سٹی کونسل کے اپوزیشن لیڈر سیف الدین نے ٹاؤنز کے مسائل حل کرنے کے لیے تجاویز دی ہیں ، ان پر عمل کیا جائے گا ، مسائل کی نشان دہی پر جماعت اسلامی کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی، جس پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ہدایت پر انہوں نے ملاقات کی۔ کمشنر کراچی کی سربراہی میں قائم کمیٹی لیاری سے متعلق رپورٹ وزیراعلی سندھ کو پیش کرے گی وہ اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے عام شہریوں کی مشکلات کو سامنے رکھا اور شہر کی بہتری کے لیے تجاویز دی ہیں جن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے لیاری میں عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے پر بھی اظہار افسوس کیا۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کراچی کے ٹاؤنز کے مسائل کے حل کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔

Saeed Ghani

Jamat e Islami