Aaj News

ٹی ٹی پی اور بلوچ شدت پسند افغان سرزمین سے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، عاصم افتخار

کالعدم ٹی ٹی پی تقریباً 6 ہزار دہشتگردوں پر مشتمل سب سے بڑا گروپ ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی خطرہ ہے، عاصم افتخار
اپ ڈیٹ 08 جولائ 2025 10:35am

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر ہونے والے خصوصی مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان سے جنم لینے والی دہشتگردی پاکستان کے لیے ایک سنجیدہ اور مسلسل خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’افغان سرزمین بدقسمتی سے مسلسل پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، جس سے نہ صرف ہماری قومی سلامتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ پورے خطے کا امن خطرے میں ہے۔ ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ افغانستان دوبارہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بنے۔‘

عاصم افتخار نے کہا کہ داعش جیسا عالمی دہشتگرد نیٹ ورک اب افغان عبوری حکومت کو نشانہ بنا رہا ہے، جبکہ القاعدہ اور فتنہ الخوارج جیسے عناصر افغانستان سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور بلوچ شدت پسند بھی افغان سرزمین سے اپنی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان تقریباً 6 ہزار دہشتگردوں پر مشتمل سب سے بڑا گروپ ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی خطرہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اور ٹی ٹی پی جیسے گروہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھر کے امن کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔

پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مکمل، ’یقینی بنانا ہوگا افغانستان دوبارہ دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بنے‘

عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے واضح کیا کہ افغانستان کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں موجود دہشتگرد گروپوں کی سرکوبی کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن ممکن بنایا جا سکے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ اسلام آباد کو افغانستان سے دہشتگردوں کی دراندازی کی مسلسل کوششوں کا سامنا ہے، اور پاکستان اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے اس اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندوں نے بھی افغانستان کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، تاہم پاکستان کے دوٹوک اور سخت مؤقف نے بین الاقوامی توجہ ایک بار پھر دہشتگردی کے خطرے کی جانب مبذول کروا دی ہے۔

UNSC

ISIS

TTP

DAESH

TERRORISM FROM AFGHANISTAN

Asim Iftekhar

Fitnah Al Khawarij

Fitna Al Hindustan