Aaj News

یوم عاشور پر پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری پر پابندی، موبائل سروس بند

پنجاب پولیس عزاداری جلوسوں اور مجالس کو پر امن بنانے کے لیے متحرک
شائع 06 جولائ 2025 05:55pm

پنجاب پولیس عزاداری جلوسوں اور مجالس کو پر امن بنانے کے لیے متحرک ہوگئی، یوم عاشور پر لاہور سمیت صوبے بھر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، 10 محرم کو دفعہ 144 نافذ اور ڈبل سواری پر پابندی ہے، مرکزی جلوس کے روٹ پر موبائل سروس بند ہے جبکہ پرائیویٹ ڈرون سے فوٹیج بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔

پنجاب پولیس نے عاشورہ محرم کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں، 10 ویں محرم کو شہر میں 600 سے زائد مجالس اور 117 کے قریب جلوس برآمد ہورہے ہیں جبکہ لاہور میں شبیہ ذوالجناح کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد، جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

یوم عاشور پر پنجاب پولیس کے 1 لاکھ 47 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں، لاہور میں 10 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات میں 62 ہزار سے زائد رضا کار معاونت فراہم کر رہے ہیں، خواتین عزاداروں کی سیکیورٹی کے لیے لیڈیز پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی، سینٹرل پولیس آفس، ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول رومز سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

ٹریفک کے لیے 400 سے زائد ٹریفک انسپکٹرز اور 2200 سے زائد ٹریفک اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں جبکہ راستہ ایپ سے ٹریفک صورت حال بارے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

پولیس نے سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شئیر کرنے والوں کے خلاف پہلی مرتبہ اپنا سائبر کرائم ونگ فعال کرکے درجنوں مقدمات درج کرکے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ تمام مکتبہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کے رویوں کو فروغ دیں۔

محرم

Muharram ul Haram

Ashura

muharram security

Ashura 2025