Aaj News

پاک پتن اسپتال میں 20 بچوں کی اموات، سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس کے خلاف مقدمہ درج

گرفتار ملزمان علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش،2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا
اپ ڈیٹ 05 جولائ 2025 06:32pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پاکپتن میں20 بچوں کی اموات معاملے پرگرفتار کیے گئے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرسہیل اصغراور ایم ایس اسپتال ڈاکٹر عدنان غفار کو تھانہ سٹی پولیس نےعلاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیا،جہاں دونوں کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی ایک بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس میں اسپتال انتظامیہ کو آکسیجن کی بروقت فراہمی میں ناکامی اور غفلت کا ذمہ دار ٹھرایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پرائیویٹ لیب سے ملی بھگت، جعلی رپورٹس اور غیرقانونی کمیشن کے الزامات پر تین لیب ٹیکنیشنز اور نجی لیبارٹری مالکان سمیت 9 افراد کے خلاف بھی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

ادھر اسپتال کے احاطے میں پارکنگ فیس کی اوورچارجنگ، بدتمیزی اور جھگڑے کے واقعات پر 7 افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تمام کارروائیاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اسپتال کے اچانک دورے کے بعد عمل میں آئیں، جس میں انہوں نے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکپتن کے ڈسٹرکٹ اسپتال میں حالیہ دنوں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور غفلت کے باعث 20 بچوں کی اموات ہوئی تھیں، آج نیوز کی خبر منظرعام پر آنے کے بعد حکومت نے ایکشن لیا تھا۔

FIR

pakpattan

Pakpattan District Hospital

20 children die