Aaj News

بھارت کو پیشہ ورانہ مہارت مثالی حوصلے سے جواب دیا، وزیراعظم کا ای سی او اجلاس سے خطاب

کامیاب میزبانی پر صدر الہام علیوف کو مبارکباد دیتا ہوں، وزیراعظم شہباز شریف
اپ ڈیٹ 04 جولائ 2025 11:27pm

وزیراعظم شہباز شریف اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا اور سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل کرنا ناقابل قبول ہے۔ بھارت نے بلااشتعال جارحیت سے خطے کا امن برباد کرنے کی کوشش کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج نے بھارت کو مثالی حوصلے سے جواب دیا۔ ایران کے خلاف بلاجواز اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے 17ویں سربراہی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کامیاب میزبانی پر صدر الہام علیوف کو مبارکباد دیتا ہوں، خوبصورت شہر میں پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر مشکور ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بطور چیئرمین ای سی او قازقستان کے صدر نے اہم خدمات انجام دیں، عالمی منظرنامے میں ٹیکنالوجیکل تبدیلیاں تیزی سے رونما ہورہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بڑھتے ہوئے باہمی انحصار اور علم کی وسعت کا نیا دور شروع ہورہا ہے، علاقائی تعاون اور مشترکہ خوشحالی کیلئے ٹیکنالوجی کی ترقی ناگزیز ہے، ترقی کے عمل میں رکن ملکوں کے ساتھ اجتماعی کاوشوں میں شریک ہونے پر فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پائیدار اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط مستقبل، بہت مناسب اور بروقت ہے، ای سی او رکن ملکوں کو بھی موسمیاتی تبدیلیوں کے گہرے اثرات کا سامنا ہے۔ پگھلتے گلیشیئر، شدید گرمی، تباہ کن سیلاب و دیگر چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطام میں کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز نے لاکھوں لوگوں کی غذائی سلامتی اور روزگار خطرے میں ڈال دیا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے انتہائی متاثرہ 10ملکوں میں شامل ہے، 2022 میں پاکستان نےتباہ کن سیلاب کا سامنا کیا جس میں 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ لوگ متاثرہوئے اور املاک کو شدید نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہیں، اسرائیلی حملے میں شہید ایرانیوں کی مغفرت اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا پاکستان پر حملہ خطے کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش تھی، مقبوضہ کشمیر میں ایک بدقسمت واقعے کے بعد بھارت نے غیر ذمے داری کا مظاہرہ کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بدامنی پیدا کرنے والی قوتیں اپنے مقاصد کے لیے خطے میں عدم استحکام چاہتی ہیں، ایران پر غیر قانونی اور غیر منطقی اسرائیلی حملے اس رجحان کا حالیہ مظاہرہ تھے، پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتا ہے، اس جارحیت کے شعلوں نے جنوبی ایشیا کو اپنی لپیٹ میں لینے کا خطرہ پیدا کیا تھا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی آذربائیجان میں میڈیا سے گفتگو

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کو مستقبل میں کئی گنا بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہ اجلاس میں پاکستانی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں رکن ممالک نے گلیشیئرز کے پگھلنے کے مسئلے پر بھی خاص توجہ دی۔

وزیراعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ رکن ممالک نے خطے کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز، بالخصوص گلیشیئرز کے پگھلنے کے مسئلے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا اور اس ضمن میں مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور مستقبل میں سرمایہ کاری کے حجم کو کئی گنا بڑھانے کا عزم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات چیت کی، جس سے دوستی اور تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے۔

وزیرِاعظم 2 روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان روانہ

وزیرِاعظم شہباز شریف نے اپنا دو روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کر لیا اور پاکستان روانہ ہو گئے۔ وزیراعطم پاکستان کو آذربائیجان کے وزیرتعلیم اوراعلی سفارتی اہلکاروں نے ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔

دورے کے دوران وزیرِاعظم نے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے عالمی اور علاقائی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ وزیرِاعظم نے علاقائی روابط، تجارت، اور سرمایہ کاری کے فروغ پر خصوصی زور دیا۔

دونوں ممالک کے درمیان دو ارب ڈالر کی آذری سرمایہ کاری کے معاہدے بھی دستخط ہوئے، جو دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنیں گے۔ اس کے علاوہ، وزیرِاعظم نے مختلف ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں تاکہ علاقائی استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

meeting

Economic Cooperation Organization

Prime Minister Shehbaz Sharif