لاہور ہائی کورٹ : بلند وبالا بلڈنگز عالمی معیار کے مطابق بنانے کا حکم
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ سے متعلق درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) کو بلند و بالا عمارتیں عالمی معیار کے مطابق بنانے کی ہدایت دے دی۔ عدالت نے واضح کیا کہ عمارتوں کی چھتوں پر گرینری کا انتظام بھی لازم قرار دیا جائے گا۔
جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر درخواست گزاروں کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ ییلو بس منصوبہ زیر غور ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ییلو بس کا منصوبہ خوش آئند ہے، مگر اس کی وجہ سے کینال روڈ پر ایک بھی درخت نہ کاٹا جائے، ہم پہلے ہی ماحولیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہے ہیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ کینال روڈ پر موجود پرانے درخت ماحول دوست ہیں، جنہیں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کی نذر نہ کیا جائے۔ عدالت نے یاد دلایا کہ کینال روڈ پر درختوں کے تحفظ سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی موجود ہے۔
عدالت نے موٹر وے پولیس کی اسموگ سے نمٹنے کے لیے کی گئی کارروائیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات قابل تقلید ہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کر دی۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔