Aaj News

خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند

تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 68 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 51 ہزار 100 کیوسک ہے
اپ ڈیٹ 04 جولائ 2025 12:41pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

خیبرپختونخوا کے مختلف دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ فلڈ سیل کی تازہ رپورٹ کے مطابق دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تاحال کنٹرول میں ہے، تاہم متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 68 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 1 لاکھ 51 ہزار 100 کیوسک ہے۔ پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم کے سپل ویز آج کھول دیئے جائیں گے جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں 2لاکھ 60 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار کیوسک تک اضافے کا امکان ہے۔ دریائے سندھ کے بہاؤ میں ممکنہ اضافے کے پیش نظرملحقہ مکینوں کو آگاہ کر دیا گیا۔

دریائے ادیزئی میں نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 39 ہزار 800 کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ دریائے سندھ میں خیر آباد کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 6 ہزار 700 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 51 ہزار 100 کیوسک اور ورسک کے مقام پر 36 ہزار 522 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو کہ معمول کے مطابق ہے۔

ملک بھر میں مون سون کا نیا اسپیل داخل، 10 جولائی تک بارشوں کا امکان

اسی طرح دریائے سوات میں بھی پانی کی سطح میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جہاں چکدرہ کے مقام پر بہاؤ 9 ہزار 785 کیوسک اور خوازہ خیلہ میں 6 ہزار 738 کیوسک ہے۔

فلڈ سیل کا کہنا ہے کہ فی الحال خطرے کی کوئی بات نہیں، تاہم محکمہ آبپاشی، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دریا کنارے غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔

KPK

flood

Tarbela Dam