Aaj News

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں فائرنگ، خاندانی جھگڑا 3 جانیں لے گیا

واقعے کے بعد ملزم حمید اپنے بھائی رحمت اللہ کے ہمراہ فرار ہو گیا، پولیس
اپ ڈیٹ 03 جولائ 2025 10:08pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن، مومن آباد میں خاندانی رنجش خونریز تصادم میں بدل گئی، جس کے نتیجے میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ مومن آباد میں پیش آیا جہاں مقتول غوث الدین عرف عمران اپنے دو دوستوں گلبد خان اور امین کے ہمراہ اپنی بیٹی کے سسرال گیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق غوث الدین کا اپنے داماد حمید سے جھگڑا ہوا، جو شدت اختیار کر گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران داماد حمید نے مبینہ طور پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں غوث الدین، گلبد خان اور امین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ لاشوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد ملزم حمید اپنے بھائی رحمت اللہ کے ہمراہ فرار ہو گیا، جائے وقوعہ سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جسے فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی آج نیوز کو موصول

بعدازاںِ، اورنگی مومن آباد میں فائرنگ سے 3 افراد کی ہلاکت کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کر لی۔ مقتول کے داماد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کیا۔ فائرنگ کے بعد موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔

فوٹیج کے مطابق مسلح ملزمان نے واپس آ کر تیسرے شخص پر فائرنگ کی، ملزم دم توڑنے کے بعد بھی مقتولین پر گولیاں چلاتا رہا، واقعے میں غوث الدین، امین اور گل بخت نامی افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایس ایس پی ویسٹ نے بتایا کہ پولیس نے قتل میں ملوث ملزم کے والد شاہ جہاں سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ واردات کا ایک ملزم تاحال فرار ہے، تلاش جاری ہے۔

firing

Murder

جرائم

karachii