باجوڑ میں بم دھماکے سے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت 5 افراد شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے سے اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت 5 افراد شہید اور 16 افراد زخمی ہوگئے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کے مطابق دھماکا تحصیل خار کے علاقے صدیق آباد پھاٹک میں ناؤگئی روڈ پر ہوا، دھماکے میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ جس گاڑی کو نشانہ بنایاگیا وہ مکمل تباہ ہوگئی اور اس میں سوار اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل سمیت 5 افراد شہید ہوگئے۔
دھماکے سے 16 افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر خار اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ علاقے میں سیکیورٹی بڑھادی گئی اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب باجوڑ میں اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو موصول ہوگئی۔
دوسری جانب شہید اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد کی نماز جنازہ سول کالونی خار پولیس لائن میں ادا کردی گئی، جس میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ ، ڈی پی او سمیت دیگر افسران اورلواحقین شریک ہوئے۔
شہدا میں تحصیلدار عبدالوکیل، کانسٹیبل زاہد اور راہگیر فضل منان شامل ہیں، شہدا کو باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔
معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعظم نے دھماکے میں شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے شہدا کے بلند درجات کی دعا اور اہل خانہ سے تعزیت کیا۔
شہباز شریف نے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعا کی اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
Aaj English












اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔