Aaj News

غزہ پر اسرائیلی بمباری ، 109 فلسطینی شہید، مجموعی تعداد 56 ہزار سے تجاوز کرگئی

غزہ کے بڑے اسپتال ایندھن کی شدید قلت کا شکار ہیں، الشفا اسپتال میں ڈائیلاسز کی سروس معطل کردی گئی
شائع 02 جولائ 2025 01:12pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں وحشیانہ فضائی بمباری کا سلسلہ شدت اختیار کرگیا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پچاس فضائی حملوں میں کم از کم 109 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں امداد کے منتظر 28 شہریوں کو گولیاں مار کر نشانہ بنایا گیا۔

فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق، اسرائیل کی غزہ پر جاری جارحیت کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 56 ہزار 647 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ 228 صحافی بھی شہید ہو چکے ہیں جو جنگی جرائم کے ثبوت اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

صورتحال اس حد تک بگڑ چکی ہے کہ غزہ کے بڑے اسپتالوں میں ایندھن کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ الشفا اسپتال میں ڈائیلاسز کی سہولت مکمل طور پر بند ہو چکی ہے، جس سے سینکڑوں مریض موت کے خطرے سے دوچار ہیں۔

فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے ایک بار پھر عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ غزہ کے محصور عوام کو فوری طور پر طبی امداد، ایندھن اور ضروری سامان فراہم کیا جائے تاکہ مزید انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

Israel

Gaza

palestinians

Israeli Bombing