خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشیں، نشیبی علاقے زیرآب، بجلی کی فراہمی معطل
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں سے جاری بارشوں نے معمولات زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ نوشہرہ، صوابی، شانگلہ اور ہری پور میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، جبکہ کئی علاقوں میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
نوشہرہ میں بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں امان گڑھ، لیبر کالونی، حافظ آباد اور مثال آباد کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔ نوشہرہ کلاں میں نالوں کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہری اپنی مدد آپ کے تحت پانی نکالنے میں مصروف ہیں۔
ہری پور اور گردونواح میں وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث ندی نالے بپھر گئے، جس کے نتیجے میں جی ٹی روڈ سمیت کئی اہم سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دو مکانات زمین بوس ہو گئے، جن میں موجود تین خواتین زخمی ہوئیں۔
خیبرپختونخوا کے دریاؤں میں نچلے درجے کا سیلاب، فلڈ سیل کی رپورٹ جاری
شانگلہ میں بھی بشام، پورن اور شاہ پور کے علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے اور موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
ٹیکسلا میں بھی شدید بارش نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا۔ حطار روڈ پر بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جبکہ چھت پر پھنسے پانچ افراد کو بروقت کارروائی کے بعد ریسکیو کر لیا گیا۔
ادھر پشاور سمیت کئی میدانی علاقوں میں مطلع ابرآلود ہے اور محکمہ موسمیات نے ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
Aaj English














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔