Aaj News

سانحہ سوات پر الفاظ نہیں ملتے جو بیان کیے جا سکیں، خواجہ آصف کی لواحقین سے تعزیت

وزیر دفاع کی سانحہ سوات کے متاثرین کے گھر تعزیت کیلئے آمد، متاثرین کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار
شائع 29 جون 2025 05:50pm

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سانحہ سوات پر الفاظ نہیں ملتے جو بیان کیے جا سکیں، حکمران اپنے مفادات سے زیادہ عوام کے مفادات کی حفاظت کریں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف سانحہ سوات کے متاثرین کے گھر تعزیت کے لیے پہنچ گئے اور متاثرین کے اہل خانہ سے افسوس کا اظہار کیا۔

لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سانحہ سوات پر الفاظ نہیں ملتے جو بیان کیے جا سکیں، بیٹی کے سامنے بچے پانی کی نذر ہوگئے، ایک بچے کی تلاش جاری ہے، حادثات اللہ تعالی کی جانب سے آتے ہیں مگر اس کے سدباب کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے، ریسکیو والے خالی ہاتھ آئے تھے یہ ریسکیو کا بریک ڈاؤن ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ متاثرہ خاندان پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے لیکن سانحہ سوات پر پتہ نہیں اس صوبائی حکومت پر کوئی قیامت ٹوٹی ہے یا نہیں، متاثرین کا کہنا ہے کہ ہم کسی کے خلاف کارروائی نہیں کرنا چاہتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کہا کہ میں سیاسی گفتگو نہیں کرنا چاہتا مگر عوام خود فیصلہ کریں، اپنے مفادات سے زیادہ عوام کے مفادات کی حفاظت کریں۔

Khawaja Asif

Khuwaja Asif

Swat

Swat River Incident