فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بنوں سی ایم ایچ کا دورہ، زخمیوں کی عیادت کی
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنوں سی ایم ایچ کا دورہ کیا جہاں انھوں نے زخمیوں کی عیادت کی۔ فیلڈ مارشل نے بنوں چھاؤنی حملے کے شہدا کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں انھیں انسداد دہشت گردی آپریشنز اور سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ کور ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشتگردی کیخلاف ریاست کےغیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے سہولت کاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گردی کے اصل چہرے کو دنیا میں بے نقاب کیا جائے گا۔ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کی صلاحیت میں اضافے اور بالخصوص خیبر پختونخوا پولیس کی ادارہ جاتی صلاحیت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں فوری اور ترجیحی اقدامات کےلیے متعلقہ حکومتی اداروں پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے بنوں سی ایم ایچ کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں چھاؤنی حملے کے شہدا کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔

فیلڈ مارشل نے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل حوصلے اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہاکہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہے، دہشت گردوں کے تمام سہولت کاروں، مددگاروں اور مجرموں کا بے رحمی سے تعاقب کیا جائے گا۔ پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں 13 فوجی شہید ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے 14 خوارج ہلاک کردیے۔
Aaj English


















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔