Aaj News

نارتھ کراچی میں عوام پانی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

سڑک بلاک کرکے انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی، ٹریفک کی روانی متاثر
شائع 28 جون 2025 08:16pm

نارتھ کراچی کے علاقے بارہ دری اور الیون بی میں پانی کی شدید قلت کے خلاف علاقہ مکینوں کا احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ مظاہرین نے سڑک کے دونوں اطراف کو بلاک کر دیا ہے جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

عوام کا کہنا ہے کہ انہیں گزشتہ 3 ماہ سے پانی کی بندش کا سامنا ہے، اور صرف ماہ میں ایک بار پانی فراہم کیا جاتا ہے جو کہ ضروریات کے لیے ناکافی ہے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ٹینکر مافیا نے اس صورتِ حال کا فائدہ اٹھا کر نرخ بڑھا دیے ہیں اور متعلقہ حکام کو بارہا درخواستیں دینے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

احتجاج کے دوران شہریوں نے ایک واٹر ٹینکر کو سڑک پر روک کر احتجاجاً اس کا والو کھول دیا اور بلدیاتی اداروں اور ٹینکر مافیا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ فوری طور پر علاقے میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ٹینکر مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے۔

karachi

protest

North Karachi

against water cuts