Aaj News

مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر پی ٹی آئی کا ردعمل آگیا

آج ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے آئینی حق پر ڈاکا ڈال دیا گیا، ترجمان پی ٹی آئی
شائع 27 جون 2025 10:00pm

سپریم کورٹ آئینی بینچ کے مخصوص نشستوں کے نظر ثانی کیس کے آج سنائے گئے فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا ردعمل آ گیا۔

مخصوص نشستوں کے نظر ثانی کیس میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی نے کہا کہ آج ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کے آئینی حق پر ڈاکا ڈال دیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ سال 12 جولائی کے فیصلے کے تحت مخصوص نشستوں کا آئینی استحقاق تسلیم کیا گیا تھا، یہ وہ وقت تھا جب عدالت نے آئین کی روشنی میں فیصلہ دیا تھا جب کہ آج ایک ایسا فیصلہ آیا ہے جس نے انصاف کی روح کو کچلا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عوام کے ووٹ، نمائندگی اور اعتماد کو بھی روند ڈالا ہے، یہ نظرثانی کیس مہینوں عدالتوں میں چلتا رہا، تحریک انصاف نے ہر قانونی دروازہ کھٹکھٹایا، ہر دلیل پیش کی، ہر آئینی نکتہ اٹھایا، ہماری مخصوص نشستوں کو ”مالِ غنیمت“ کی طرح بانٹا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ سیٹیں ان جماعتوں کو بانٹیں جنہیں عوام نے مسترد کیا، یہ فیصلہ پاکستان کی آئینی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، ریاست اب عوامی، آئینی یا جمہوری نہیں رہی،۔

Supreme Court

اسلام آباد

reserved seats

PTI Reaction

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti Reserved seats

Review case on reserved seats