Aaj News

مون سون کا پہلا اسپیل، ملک بھر میں 16 افراد کی جانیں لے گیا

شانگلہ میں بارشوں سے برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آ گئی، متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا۔
اپ ڈیٹ 27 جون 2025 03:07pm

مون سون کے پہلے اسپیل نے ملک بھر میں تباہی مچا دی، بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 16 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں مکانات گرنے، بجلی گرنے، ڈوبنے اور دیگر حادثات کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ شانگلہ میں بھی بارشوں سے برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آ گئی، متعلقہ اداروں نے الرٹ جاری کر دیا۔

راولپنڈی میں رینج روڈ لین فور میں گاڑی ریلے میں بہہ گئی، خاتون مسافر کی لاش اور گاڑی برآمد کرلی گئی،آن لائن ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔ اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور بارش کے باعث بجلی کا کھمبا گاڑی پر گر گیا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق، دو زخمی ہو گئے۔

چونیاں میں بارش سے گھر کی چھت گرگئی،دو بچیاں جان کی بازی ہارگئیں،اوکاڑہ میں ایسے ہی حادثے میں بچی جاں بحق ہوگئی،دو افراد زخمی ہوئے،بہاولنگرمیں بارش سے چھت زمین بوس ہوگئی حادثے میں چار سالہ بچہ زین جاں بحق ہوگیا۔

جہلم میں بھی بارش سے حادثات اور ڈوبنے واقعات میں دو اموات ہوئیں، میاں چنوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جان سے گیا۔

علاوہ ازیں دیر بالا میں بارش کے باعث دیوار گرنے سے بچہ جاں بحق اور ماں زخمی ہوگئی،مختلف شہروں میں مکانات گرنے اور دیگر حادثات میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے،ٹنڈو جام بارش سے مدرسے کی چھت گرگئی حادثے میں دو بچے لقمہ اجل بنے،بیس سے زائد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

Rain

moon soon

rainy weather

Rain prediction

monsoon rain

pre moonsoon