لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش، فلائٹ آپریشن متاثر
پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ کئی مقامات پر موسمی خرابی کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر اور پروازوں میں تاخیر دیکھنے میں آئی۔
لاہور، سرگودھا، بھلوال سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی بارش تو کہیں موسلادھار بارش ہوئی، جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی آئی۔ بارش کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر واسا کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب موسم کی خرابی کے باعث لاہور کا فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق استنبول سے آنے والی پرواز لاہور میں لینڈ نہ کر سکی اور طیارے کو کراچی اتارنا پڑا، جو بعد ازاں موسم بہتر ہونے پر لاہور روانہ کر دی گئی۔ شارجہ، راس الخیمہ، کولمبو، دبئی، پیرس اور دوحہ سے آنے والی پروازوں کو بھی لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا رہا۔
لاہور سے جدہ، ریاض اور ابوظہبی جانے والی پروازیں کئی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز کو ملتان میں اتارا گیا۔ سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن جاری ہے، تاہم موسم ابرآلود ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں کا امکان، ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش متوقع ہے۔ پشاور، مردان، چارسدہ، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، بونیر، کوہستان سمیت متعدد اضلاع میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
گزشتہ روز سیدو شریف میں 24 ملی میٹر، پارا چنار میں 23 ملی میٹر اور بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 30 جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد رہا۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت بنوں اور ڈی آئی خان میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان اور بلتستان میں بھی بارشوں کا آغاز
وسطی اور مشرقی بلوچستان میں پری مون سون سیزن کا آغاز ہو چکا ہے۔ کوہ سلیمان رینج سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، جبکہ بلتستان ڈویژن میں آج سے بارش شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 29 جون تک جاری رہ سکتا ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، نشیبی علاقوں میں سفر سے گریز اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔
 
       
       
         Aaj English
 Aaj English BRecorder
 BRecorder















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔