Aaj News

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کا احتجاج، شور شرابا

اپوزیشن ارکان کی جانب سے میئر کراچی کی تقریر کے دوران جھوٹ بولتا ہے کے نعروں کی گونج
شائع 24 جون 2025 06:04pm

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن نے احتجاج اور شور شرابا کیا، اپوزیشن ارکان کی جانب سے میئر کراچی کی تقریر کے دوران جھوٹ بولتا ہے کے نعروں کی گونج سنائی دی جبکہ میئر کراچی مرتضٰی وہاب نے کہا کہ ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے 2 سال میں کراچی کو اپنے پیروں پر کھڑا کردیا، نالوں کی صفائی پر پچھلے سال 60 کروڑ خرچ کیے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی میں بجٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ کیا گیا، حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے نعروں اور شور شرابے میں کان پڑی آواز سنائی نہ دی۔

میئر کراچی مرتضٰی وہاب کی تقریر کے دوران جماعت اسلامی کے ارکان نے کہا ”کیا بولتا ہے“ جھوٹ بولتا ہے“۔ اپوزیشن ارکان کی نعرے بازی اس وقت شروع ہوئی جب میئر کراچی نے کہا کہ کچھ لوگوں نے ہم کو ایم یو سی ٹی چارجز لینے سے روکا اور کچھ لوگ کورٹ گئے، شہر کی ترقی میں رکاوٹ بنے۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہم نے ایم یو سی ٹی کی مد میں ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع کیا، بلدیہ عظمی کراچی پورے پاکستان میں واحد بلدیہ ہے، جس کی عمارت کو سولر پر منتقل کیا۔

انہوں نے ہر یوسیز کے لیے بلاتفریق 2 کروڑ روپے خرچ کرنے اور ہر کونسل ممبر کے لیے ماہانہ 2 ہزار ٹی اے ڈی اے کا بھی اعلان کیا۔

اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ مرتضی وہاب کا یہ پانچواں بجٹ ہے، ارکان کے لیے 2 ہزار کا اعلان ایک مذاق ہے، نعمت اللہ خان کے دور میں 10 ہزار دیے جاتے تھے۔

سٹی کونسل کے ایوان سے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس سے قبل اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کی جانب سے اپنے چیمبر میں شیڈو بجٹ بھی پیش کرنے کے دوران کے ایم سی بجٹ 2025 پر تحفظات کا اظہار کیا۔

Murtaza Wahab

budget session

opposition protest

Budget 2025 2026

KPK Budget 2025 26

Karachi Metropolitan Municipality