Aaj News

’امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا‘، ایران کا اقوام متحدہ میں اعلان

امریکا کے الزامات کے سیاسی محرکات ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، ایرانی مندوب
شائع 23 جون 2025 08:37am

ایران کی جانب سے اقوام متحدہ میں اعلان کیا گیا ہے کہ امریکی حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی مندوب سعید ایراوانی نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ امریکی حملے کا جواب دینے کا وقت اور نوعیت کا فیصلہ ایرانی افواج کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران پر امریکی الزامات بے بنیاد ہیں، امریکا کے الزامات کے سیاسی محرکات ہیں جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کا ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ جنگی مجرم نیتن یاہو امریکا کو جنگ میں دھکیلنے میں کامیاب ہوگیا۔

صدر ٹرمپ کا ایران پر حملے کے بعد رجیم چینج کا مطالبہ

ایرانی مندوب سعید ایراوانی کا مزید کہنا تھا کہ ایران کو پر امن مقاصد کے لئے جوہری انرجی کے حصول سے روکا جارہا ہے، دنیا ایران کے خلاف طاقت کا استعمال دیکھ رہی ہے۔

سعید ایراوانی نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے خطہ غیر محفوظ ہوچکا، سلامتی کونسل کو بات چیت کے ذریعے حل نکالنا چاہئے۔

ایران پر امریکی حملے کے بعد سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکہ نے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر بنکر بسٹر بموں اور ٹوم ہاک میزائلوں سے حملہ کیا تھا، جس کے بعد عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

United Nations Security Council

IRAN ISRAEL CONFLICT

Iran Israel War

Iranian Nuclear Sites

US attack on Iran

iran vs US