Aaj News

مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش، ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے، اسحاق ڈار

اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے، نائب وزیراعظم کا وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں خطاب
شائع 22 جون 2025 02:43pm

نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے، ایران کو دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے۔

استنبول میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر تشویش ہے، ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت سے عالمی امن کو خطرہ ہے، اسرائیلی اقدامات عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

اسرائیل دہشتگرد ملک ہے، ایران اور غزہ میں دہشتگردی کر رہا ہے، مسلم ممالک کو مل کر چلنا ہوگا، اسحاق ڈار

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یو این چارٹر کے تحت ایران کے حق دفاع کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اسرائیل کے معاملے پر دہرا معیار اپنایا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہی ایران اور اسرائیل جنگ کا حل ممکن ہے، پاکستان علاقائی امن و استحکام کے لیے تمام اقدامات کررہا ہے، قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے غزہ میں فوری اور غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، بھارت کو پاکستان کا پانی روکنے کی اجازت نہیں دیں گے، بھارت نے پانی روکا تو اسے جنگی اقدام تصور کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر کی ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت

دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ایران کی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کی مذمت کی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایران پر امریکا کا حملہ خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے، ایران کو بیرونی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کا مکمل حق ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ ایران کے خلاف حملے فوری بند کیے جائیں، ایران کو جھکانے کی کوشش سے خطے میں کشیدگی بڑھے گی، ایرانی جوہری تنصیبات پرحملہ انسانی اصولوں کی پامالی ہے۔

Ishaq Dar

IRAN ISRAEL CONFLICT

Iran Israel War

Iran Israel Tension

Minister Ishaq Dar

Foreign Minister Ishaq Dar

Deputy PM Ishaq Dar