Aaj News

ایران کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ، امریکی حملوں کی مذمت کی اپیل

امریکی حملہ ”علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ“ قرار
شائع 22 جون 2025 10:49am

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر کیے گئے فضائی حملوں کی مذمت کے لیے فوری ہنگامی اجلاس بلائے۔ یہ مطالبہ اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی کی جانب سے اتوار کے روز جاری کردہ ایک خط میں کیا گیا۔

ایرانی سفیر نے اپنے خط میں امریکی حملے کو ”علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ“ قرار دیا اور تصدیق کی کہ اتوار کی علی الصبح ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان میں واقع جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ایروانی نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ یہ حملے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کی مکمل نگرانی میں کیے گئے، تاہم انہوں نے اس دعوے کے حق میں کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔ واضح رہے کہ ایران حالیہ دنوں میں آئی اے ای اے پر بھی شدید تنقید کرتا رہا ہے، خاص طور پر اسرائیل کے ساتھ تنازعہ کے بعد۔

خط میں مزید کہا گیا کہ یہ فضائی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور جوہری عدم پھیلاؤ کے بین الاقوامی معاہدے (NPT) کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ سلامتی کونسل اس غیر قانونی اقدام پر غور کرے، اس کی باقاعدہ مذمت کرے اور اس میں ملوث عناصر کو سزا سے بچنے نہ دیا جائے۔

ایران کی جانب سے یہ سفارتی اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ نے اسرائیل کے ساتھ مکمل رابطہ کاری کے تحت ایران کی جوہری صلاحیتوں کو نشانہ بنایا، جس کے بعد خطے میں جنگ کے خطرات مزید بڑھ گئے ہیں۔

IRAN ISRAEL CONFLICT

Iran Israel War

Iran Israel Tension

US attack on Iran

attacks on Iran