Aaj News

چینی کانوائے حملہ کیس: بی ایل اے کے بشیر بلوچ اور عبدالرحمان کے بلوچستان میں روپوش ہونے کا انکشاف

عدالت نے آئندہ سماعت پر مفرور ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا
شائع 21 جون 2025 12:02pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ایئرپورٹ کے قریب چینی کانوائے پر حملے میں سہولت کاری کے کیس کی سماعت کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ کالعدم تنظیم بی ایل اے سے تعلق رکھنے والے دو مرکزی مفرور ملزمان بشیر بلوچ اور عبدالرحمان کے بلوچستان میں روپوش ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے بتایا کہ دونوں مفرور دہشت گرد بلوچستان میں پناہ لیے ہوئے ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے محکمہ داخلہ اور آئی جی بلوچستان کو خط لکھے جا چکے ہیں۔ رپورٹ میں دونوں اداروں کو مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مؤثر اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔

عدالت نے بشیر بلوچ اور عبدالرحمان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے زیر حراست ملزم سعید کی درخواستِ ضمانت مسترد کر دی جبکہ کیس میں نامزد دیگر ملزم بلال پر بھی مقدمہ درج ہے۔ پراسیکیوشن کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف سی ٹی ڈی میں سہولت کاری کا مقدمہ درج ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 جون تک ملتوی کر دی ہے۔

یادرہے کہ اکتوبر 2024 میں کراچی ایئرپورٹ کے قریب چینی باشندوں کے کانوائے پر خودکش حملہ کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمہ گل نساء اور جاوید کو گرفتار کیا جا چکا ہےجن سے تفتیش جاری ہے۔ دونوں پر خودکش حملے میں سہولت کاری کا الزام ہے۔ جبکہ بشیربلوچ عرف بشیرزیب، عبدالرحمان عرف رحمان مفرور ہیں۔

karachi

ATC

terrorists

terrorists attack

Non Bailable Warrant

AIRPORT ATTACK CASE