Aaj News

کراچی :گلستان جوہر میں شاپنگ مال میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

آگ بجھانے میں 14 گاڑیوں، 4 اسنارکلز اور 4 واٹر باؤزرز نے حصہ لیا، حکام فائر بریگیڈ
اپ ڈیٹ 19 جون 2025 12:05am
اسکرین گریب
اسکرین گریب

شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ کنٹرول روم میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے مال کی تیسری اور چوتھی منزل تک پھیل گئی، جہاں بڑی تعداد میں گارمنٹس کی دکانیں موجود تھیں۔

فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کی کارروائی میں 14 گاڑیاں، 4 اسنارکلز اور 4 واٹر باؤزرز نے حصہ لیا۔ سات گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

صبح 4 بج کر 6 منٹ پر تیسری منزل پر کنٹرول روم میں آگ لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تیسری اور چوتھی منزل پر ڈیڑھ سو کے قریب دکانوں کو لپیٹ میں لیا۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کا کہنا تھا کہ آگ ابتدا میں مال کی چھت پر لگی اور پھر مختلف منزلوں تک پھیل گئی۔ آگ بجھانے کے عمل میں پانی کی کمی کے باعث مشکلات پیش آئیں۔

خوش قسمتی سے آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ چیف فائر آفیسر نے شاپنگ مالز میں فائر سیفٹی سسٹمز کی لازمی موجودگی پر زور دیا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

متاثرین نے مال انتظامیہ کو سانحے کا ذمہ دار قرار دیا اور شاپنگ سینٹر کے مالک سے نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا۔

ترجمان ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے مطابق فائر سیفٹی کے انتظامات نہیں تھے اور فائر الارمنگ سسٹم بھی غیر فعال تھا، پانی کی قلت کا بھی سامنا رہا۔

کراچی میں شاپنگ مال میں آگ لگنے سے ایک سو پچاس کے قریب دکانیں متاثر ہوئیں، دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔

karachi

fire

Rescue

fire brigade

shopping mall

fire fighter