زائدالمیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بند کرنے کی کارروائی کا آغاز
زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری شدہ 49 لاکھ سے زائد موبائل سمز بند کرنے کی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، جس کے لیے نادرا کی سفارش پر وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو ہدایت کردی۔
ترجمان نادرا کے مطابق منسوخ شدہ زائد المیعاد اور فوت شدہ افراد کے شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز مرحلہ وار بند ہوں گی، 2017 سے زائد المیعاد شناختی کارڈ پر جاری موبائل سمز 30 جون 2025 کو بند کر دی جائیں گی۔
ترجمان نادرا نے بتایا کہ 2018 میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز کی موبائل سمز 31 جولائی کو بند کی جائیں گی، 2019 کے شناختی کارڈز پر جاری شدہ سمز 31 اگست اور 2020 کے شناختی کارڈز کی سمز 30 ستمبر کی بند ہو جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ2021 کے شناختی کارڈز کی سمز 31 اکتوبر اور 2022 کے زائد المیعاد شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز 30 نومبر کو بند کی جائیں گی جبکہ 2023 ، 2024 اور 2025 میں زائد المیعاد ہونے والے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ موبائل سمز 31 دسمبر کو بند ہو جائیں گی۔
ترجمان نادرا نے بتایا کہ ایسے شناختی کارڈز کی کل تعداد 49 لاکھ 6 ہزار 611 ہے، جن کی تجدید نہیں ہوئی یا ان کے حامل افراد فوت ہو چکے ہیں اور اس کارروائی کا مقصد جعلی یا غیر فعال شناخت کے ذریعے موبائل نیٹ ورکس کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس اقدام سے قومی سلامتی کو مستحکم اور ڈیجیٹل ایکوسسٹم کو زیادہ محفوظ اور قابل اعتماد بنانے میں مدد ملے گی، شہری اپنے شناختی کارڈ کی بروقت تجدید کروائیں تاکہ موبائل سروس کی ممکنہ بندش سے بچا جا سکے۔
Aaj English
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔