Aaj News

اسلام آباد: ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، ہزاروں گاڑیاں ضبط

ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، سی ٹی او
شائع 16 جون 2025 01:25pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک انفورسمنٹ مہم زور و شور سے جاری ہے۔ ٹریفک پولیس کی رپورٹ کے مطابق دوران ڈرائیونگ قانون شکنی کرنے والے 1,779 موٹر سائیکل اور 1,532 گاڑیاں مختلف تھانوں میں منتقل کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق لین کی خلاف ورزی پر 469، بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے 111، غیر قانونی پارکنگ پر 1,816، جبکہ مخالف سمت ڈرائیونگ پر 775 ڈرائیورز کو چالان یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی طرح بغیر نمبر پلیٹ کے 1,051، سگنل کی خلاف ورزی پر 1,103، اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف 1,302 کارروائیاں کی گئیں۔

سی ٹی او اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کے مطابق، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جا رہی ہے، اور بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص بغیر لائسنس ڈرائیونگ نہ کر سکے۔

سی ٹی او نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شہر میں محفوظ اور منظم ٹریفک کا نظام یقینی بنایا جا سکے۔

اسلام آباد

crack down

Traffic Police

driving

Challan

traffic laws