Aaj News

پنجاب میں ہیٹ ویو کب تک برقرار رہے گی؟

صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، پی ڈی ایم اے
شائع 10 جون 2025 01:22pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی دنوں تک ہیٹ ویو برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق یہ صورتحال 13 جون تک جاری رہ سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان اور نورپور تھل میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، جب کہ بھکر، بہاولنگر، گوجرانوالہ اور کوٹ ادو میں 47 ڈگری، لاہور، فیصل آباد، گجرات، ملتان، اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے فعال انداز میں کام کریں اورعوامی مقامات، لاری اڈوں، منڈیوں میں ٹھنڈے پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔

ملک بھر میں گرمی کی لہر، کراچی میں سمندری ہوائیں بحال

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ہیٹ ویو کے پیش نظرچولستان میں بھی صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خاص خیال رکھیں اورغیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

ماہرین صحت نے بھی عوام کو گرمی سے بچاؤ کے لیے مناسب احتیاطی تدابیر اپنانے اور پانی کا استعمال زیادہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

punjab

Hot Weather

PDMA

Heatwave

heat wave alert